لکھنؤ، 5؍اگست (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش میں حکمراں سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے ریاست کے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے ایس پی کی تیاریوں پر طنز کستے ہوئے آج کہا کہ ریاست میں دوبارہ حکومت بنانے کے لیے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کو زمینوں پرغیرقانونی قبضے سمیت تمام کارگزاریاں چھوڑنی ہوں گی۔’چھوٹے لوہیا‘کے نام سے مشہور رہے سماج وادی مفکرجنیشورمشراکی جینتی کے موقع پر یادو کی تقریر کے دوران گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں سماج وادی پارٹی کی شکست کی ٹیس بھی ابھری۔انہوں نے اس شکست کے لیے عوام نہیں بلکہ ایس پی لیڈروں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔یادو نے طنز یہ لہجے میں کارکنوں سے کہاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کیا دوبارہ حکومت بنا لو گے؟۔ اپنی کمزوریوں کو دور کر لو گے؟۔ بہت سی خامیاں ہیں، کیاان کو ٹھیک کر لو گے؟۔ زمینوں پر قبضہ کرنا بند کر دو گے؟۔ کئی جگہ زمینوں پر قبضہ ہے اور کیا جا رہا ہے، ارے، پیسہ کماناہے تو کوئی کاروبار کرو۔سیاست میں تو گنوانا پڑے گا۔یادو نے ناراضگی بھرے لہجے میں کہا کہ نئی نسل کے ایس پی کارکنان سوشلزم کی بنیاد سے واقف نہیں ہیں۔نوجوان کارکنوں کی تربیت کے لیے انہوں نے وزیر اعلی اکھلیش یادو سے کئی بار کہا، لیکن کوئی توجہ ہی نہیں دی گئی ۔ایس پی سربراہ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں اب زیادہ وقت نہیں رہ گیا ہے۔دہلی میں صرف اسی الیکشن کی بحث ہے۔یوپی میں حکومت بنانے کے لیے اپوزیشن کے لوگ کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔مکمل طور پر باقاعدہ کس طرح یوپی میں فسادات ہوں ، اس میں دو پارٹیاں بہت مضبوطی سے لگی ہوئی ہیں۔
سیاست کو سب سے مشکل کام بتاتے ہوئے یادو نے کہا کہ اس کے لیے نوجوانوں کو تربیت یافتہ بنانا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ باصلاحیت نوجوانوں کو اب بھی نظر اندازکیا جا رہا ہے۔ریاست کے وزیر اعلی اکھلیش یادو کومخاطب کرتے ہوئے ایس پی سپریمو نے کہا کہ اگر کوئی کارکن بے داغ ہے اورقابل ہے تو اس کو ذمہ داری دیجئے، پارٹی کی ضلع کمیٹی کا صدر اور جنرل سکریٹری بھی بے داغ ہونا چاہیے ، تبھی لوگ کہیں گے کہ یہ اچھی پارٹی ہے۔ایس پی سربراہ نے کہا کہ ریاست میں دوبارہ حکومت بنانی ہے تو نوجوانوں اور کسانوں پر خصوصی توجہ دینی ہو گی، خواتین کو بھی ساتھ لینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے انتخابی منشور کو پوری طرح لاگو کرے، اگر کوئی دقت ہو تو انہیں بتائے۔ملائم سنگھ نے وزیر اعلی اکھلیش یادو کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کی چار ریاستوں میں خواتین وزیر اعلی ہیں اور وہ سبھی کامیاب ہیں۔خواتین کو پیچھے کر کے آپ پارٹی کو مضبوط نہیں کر سکتے۔جو پڑھی لکھی خواتین کام کرنا چاہتی ہیں، انہیں موقع دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جنیشور مشرا خواتین کو صحیح حصہ داری دینا چاہتے تھے۔ایس پی سربراہ نے مشرا کوسماج واد کے مفکر رام منوہر لوہیا کا عکس بتاتے ہوئے کہا کہ مشرا مکمل طور لوہیا جیسے ہی تھے۔وزیر اعلی اکھلیش یادو نے اس موقع پر جنیشور مشرا کو ان کی 84ویں جینتی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی حکومت کے ترقیاتی کاموں کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے اچھی پالیسیاں سماج وادیوں کی ہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے گاؤں اور شہروں کی ترقی میں توازن قائم کیا ہے۔